مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

پاک صحیفوں کی روشنی میں

نسلی تعصب

نسلی تعصب

مختلف نسلوں کی شروعات کیسے ہوئی؟‏

‏”‏آؔدم نے اپنی بیوی کا نام حوؔا رکھا اِس لئے کہ وہ سب زندوں کی ماں ہے۔‏“‏‏—‏پیدایش 3:‏20‏۔‏

ماہرین کا کہنا:‏

اقوامِ‌متحدہ کے اِدارہ برائے تعلیم،‏ سائنس و ثقافت (‏یونیسکو)‏ کے ایک بیان میں لکھا تھا کہ ”‏سب اِنسان ایک ہی قسم سے تعلق رکھتے ہیں اور اُن کے آباؤاجداد بھی ایک ہیں۔‏“‏—‏نسل اور نسلی تعصب پر مسودہ،‏ 1978ء۔‏

پاک صحیفوں کی تعلیم:‏

جب خدا نے پہلے دو اِنسانوں یعنی آدم اور حوا کو بنایا تو اُس نے اُن سے کہا:‏ ”‏پھلو اور بڑھو اور زمین کو معمورومحکوم کرو۔‏“‏ (‏پیدایش 1:‏28‏)‏ لہٰذا آدم اور حوا تمام اِنسانوں کے ماں‌باپ تھے۔‏ پھر نوح کے زمانے میں ایک طوفان آیا جس میں زیادہ‌تر لوگ ہلاک ہو گئے۔‏ لیکن چار جوڑے بچ گئے یعنی نوح اور اُن کی بیوی اور اُن کے تینوں بیٹے اور اُن کی بیویاں۔‏ پاک صحیفوں میں بتایا گیا ہے کہ ہم سب نوح کے بیٹوں کی اولاد ہیں۔‏—‏پیدایش 9:‏18،‏ 19‏۔‏

کیا کوئی نسل دوسری نسل سے افضل ہے؟‏

‏”‏[‏خدا]‏ نے ایک شخص کو خلق کِیا تاکہ  دُنیا کی تمام قومیں اُس سے نکل کر  پوری دُنیا میں پھیل جائیں۔‏“‏‏—‏اعمال 17:‏26‏،‏ اُردو جیو ورشن۔‏

کچھ لوگوں کا نظریہ:‏

بیسویں صدی میں کچھ گروہوں نے اِس نظریے کو اپنایا کہ اُن کی نسل دوسری نسلوں سے بہتر ہے۔‏ مثال کے طور پر جرمنی کی ایک سیاسی پارٹی کے ارکان یعنی نازیوں کا کہنا تھا کہ اُن کی نسل قدرتی طور پر دوسری نسلوں سے اعلیٰ ہے۔‏ اِس کے برعکس یونیسکو کے جس مسودے کا پہلے ذکر کِیا گیا ہے،‏ اُس کے مطابق سب اِنسان برابر ہیں کیونکہ اُن سب کی بنیاد ایک ہی ہے۔‏

پاک صحیفوں کی تعلیم:‏

پاک کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏خدا کسی کا طرف‌دار نہیں بلکہ ہر قوم میں جو اُس سے ڈرتا اور راست‌بازی کرتا ہے وہ اُس کو پسند آتا ہے۔‏“‏ (‏اعمال 10:‏34،‏ 35‏)‏ اِس لیے یہ سوچنا غلط ہے کہ ایک نسل دوسری نسل سے بہتر ہے۔‏

یسوع مسیح نے ظاہر کِیا کہ مسیحیوں کو دوسرے لوگوں کو کیسا خیال کرنا چاہیے۔‏ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏تُم سب بھائی ہو۔‏“‏ (‏متی 23:‏8‏)‏ اُنہوں نے یہ دُعا بھی کی کہ اُن کے پیروکار متحد ہوں اور ”‏ایک ہو جائیں“‏ بجائے اِس کے کہ اُن میں پھوٹ یا تفرقے ہوں۔‏—‏یوحنا 17:‏20-‏23؛‏ 1-‏کرنتھیوں 1:‏10‏۔‏

کیا نسلی تعصب کبھی ختم ہوگا؟‏

‏’‏آخری دنوں میں یوں ہوگا کہ یہوواہ کے گھر کا پہاڑ قائم کِیا جائے گا اور سب قومیں وہاں پہنچیں گی۔‏‘‏‏—‏یسعیاہ 2:‏2‏۔‏

کچھ لوگوں کی رائے:‏

چونکہ نسلی تعصب بہت عام ہے اِس لیے بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ اِسے مٹانے کی کوششیں بڑی حد تک ناکام رہی ہیں۔‏ اور بعض لوگوں کو لگتا ہے کہ نسلی تعصب کبھی ختم نہیں ہوگا۔‏

پاک صحیفوں کی تعلیم:‏

خدا نسلی تعصب کو ہمیشہ تک برداشت نہیں کرے گا۔‏ اِس کی بجائے اُس کی بادشاہت کے تحت ”‏ہر ایک قوم اور قبیلہ اور اُمت اور اہلِ‌زبان“‏ کے لوگ متحد ہو کر اُس کی خدمت کریں گے اور ایک دوسرے سے سچی محبت کریں گے۔‏ (‏مکاشفہ 7:‏9‏)‏ خدا کی بادشاہت ایک خواب نہیں ہے بلکہ یہ ایک حقیقی حکومت ہے جو زمین کے حالات کو بالکل بدل دے گی۔‏ تب اِنسانوں کے سلسلے میں خدا کی مرضی پوری ہوگی اور زمین ایک ایسی جگہ بن جائے گی جو تعصب سے پا ک ہوگی۔‏ *

^ پیراگراف 15 مزید معلومات کے لیے کتاب پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں کے باب نمبر 3 کو دیکھیں۔‏ (‏یہ کتاب یہوواہ کے گواہوں نے شائع کی ہے۔‏)‏آپ اِسے اِس ویب‌سائٹ سے ڈاؤن‌لوڈ کر سکتے ہیں:‏ www.isa4310.com