مواد فوراً دِکھائیں

گھریلو زندگی کو خوش‌گوار بنائیں | شادی‌شُدہ زندگی

گندی تصویریں اور فلمیں دیکھنے کی عادت آپ کی شادی کو تباہ کر سکتی ہے

گندی تصویریں اور فلمیں دیکھنے کی عادت آپ کی شادی کو تباہ کر سکتی ہے

 اُس کی بیوی کو اُس کا راز پتہ چل گیا۔ اُس نے بار بار معافی مانگی۔ اُس نے یہ کام چھوڑنے کا وعدہ کِیا اور اُس نے اِسے چھوڑ بھی دیا۔ لیکن وہ پھر سے یہ کام کرنے لگا اور یہ سلسلہ چلتا رہا۔‏

 کیا آپ بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو آپ کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ گندی تصویریں اور فلمیں دیکھنے کی آپ کی عادت کا آپ کے جیون ساتھی پر کیا اثر پڑ رہا ہے اور آپ اِس عادت کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے کیسے چھوڑ سکتے ہیں۔‏ a

اِس مضمون میں ہم اِن باتوں کے بارے میں بات کریں گے:‏

 اِن باتوں کو ذہن میں رکھیں

 گندی تصویریں اور فلمیں دیکھنے کی عادت آپ کی شادی کو تباہ کر سکتی ہے۔ اِس کی وجہ سے آپ کے جیون ساتھی کے دل میں غصہ پیدا ہو سکتا ہے اور اُس کا آپ سے بھروسا اُٹھنے لگ سکتا ہے۔‏ b

 جو شخص گندی تصویریں اور فلمیں دیکھتا ہے، اُس کی بیوی کو شاید اِن احساسات سے لڑنا پڑے:‏

  •  شاید اُسے لگے کہ اُسے دھوکا دیا گیا ہے‏۔ سارہ نام کی ایک عورت نے اپنے شوہر کے بارے میں کہا:‏ ”‏مجھے ایسے لگتا تھا جیسے میرے شوہر بار بار حرام‌کاری کر رہے ہوں۔“‏

  •  شاید وہ خود کو کم‌تر محسوس کرنے لگے‏۔ ایک عورت نے کہا کہ اُس کے شوہر کی گندی تصویریں اور فلمیں دیکھنے کی عادت کی وجہ سے اُسے بہت شرمندگی ہوتی تھی اور اُسے لگتا تھا کہ وہ ”‏خوب‌صورت“‏ نہیں ہے۔

  •  شاید اُس کا آپ سے بھروسا اُٹھنے لگے‏۔ ہیلن نام کی ایک عورت نے کہا:‏ ”‏مجھے اپنے شوہر کی ہر حرکت پر شک ہوتا ہے۔“‏

  •  شاید وہ پریشانی کا شکار ہو جائے‏۔ کیتھرین نام کی ایک عورت نے کہا:‏ ”‏مَیں ہر وقت اپنے شوہر کی اِس عادت کی وجہ سے پریشان رہتی تھی۔“‏

 ذرا اِس بارے میں سوچیں:‏ پاک کلام میں بتایا گیا ہے کہ ایک شوہر کو اپنی بیوی سے محبت کرنی چاہیے۔ (‏اِفِسیوں 5:‏25‏)‏ لیکن اگر اُس کی وجہ سے اُس کی بیوی میں وہ احساسات پیدا ہونے لگتے ہیں جن کا ذکر اُوپر کِیا گیا ہے تو کیا وہ اپنی بیوی کے لیے محبت دِکھا رہا ہوگا؟‏

 آپ کیا کر سکتے ہیں؟‏

 گندی تصویریں اور فلمیں دیکھنے کی عادت چھوڑنا اِتنا آسان نہیں ہوتا۔ سٹیسی نام کی ایک عورت نے کہا:‏ ”‏میرے شوہر نے سگریٹ، چرس اور شراب چھوڑ دی لیکن وہ ابھی تک گندی تصویریں اور فلمیں دیکھنے کی عادت نہیں چھوڑ پائے۔“‏

 اگر آپ کے ساتھ بھی ایسا ہی ہے تو نیچے دیے گئے مشورے اِس عادت کو ہمیشہ کے لیے چھوڑنے میں آپ کے بہت کام آ سکتے ہیں۔‏

  •  یہ سمجھنے کی کوشش کریں کہ گندی تصویریں اور فلمیں دیکھنا ایک بُرا کام کیوں ہے‏۔ گندی تصویریں اور فلمیں دیکھنے کی عادت ایک شخص کے اندر خودغرضی پیدا کرتی ہے اور وہ وہی کرنا چاہتا ہے جس سے اُسے خوشی ملے۔ اِس وجہ سے میاں بیوی میں محبت کم ہو جاتی ہے، اُنہیں ایک دوسرے پر بھروسا کرنا مشکل لگتا ہے اور وہ ایک دوسرے سے بے‌وفائی کرنے کے خطرے میں ہوتے ہیں۔ اور یہ تینوں ایسی چیزیں ہیں جو ایک اچھی شادی‌شُدہ زندگی کے لیے بہت ضروری ہے۔ اِس کے علاوہ اِس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ ایک شخص یہوواہ خدا کا احترام نہیں کرتا جس نے شادی کا بندوبست بنایا ہے۔‏

     پاک کلام کا اصول‏:‏ ”‏شادی کا بندھن سب لوگوں کی نظر میں باعزت ہو۔“‏—‏عبرانیوں 13:‏4‏۔‏

  •  اپنے کاموں کی ذمے‌داری خود اُٹھائیں‏۔ یہ نہ کہیں:‏ ”‏اگر میری بیوی میرے لیے زیادہ پیار دِکھاتی تو مَیں اِس عادت میں نہ پڑتا۔“‏ اگر آپ اپنی بیوی پر اِلزام ڈال دیں گے تو یہ سراسر غلط ہوگا اور پھر وہ جب بھی آپ کی توقعات پر پوری نہیں اُترے گی تو یہ آپ کے لیے پھر سے گندی تصویریں اور فلمیں دیکھنے کا بہانہ بن جائے گا۔‏

     پاک کلام کا اصول :‏ ”‏ہر شخص اپنی ہی خواہشوں کی وجہ سے آزمایا اور اُکسایا جاتا ہے۔“‏—‏یعقوب 1:‏14‏۔‏

  •  اپنے جیون ساتھی سے کُھل کر بات کریں‏۔ کیوِن نام ایک شخص نے کہا:‏ ”‏مَیں ہر روز جو کچھ دیکھتا ہوں، اُسے اپنی بیوی کو بھی دِکھاتا ہوں اور اُس سے پوچھتا ہوں کہ کہیں یہ کچھ ایسا تو نہیں ہے جس کی وجہ سے میرے اندر گندی تصویریں اور فلمیں دیکھنے کی عادت پیدا ہو سکتی ہے۔ جب مَیں اپنی بیوی سے کُھل کر بات کرتا ہوں تو اُسے یہ نہیں لگتا کہ مَیں اُس سے کچھ چھپا رہا ہوں۔“‏

     پاک کلام کا اصول:‏ ”‏ہم ہر بات میں ایمان‌داری سے کام لینا چاہتے ہیں۔“‏—‏عبرانیوں 13:‏18‏۔‏

  •  محتاط رہیں‏۔ چاہے آپ کو گندی تصویریں اور فلمیں دیکھنے کی عادت کو چھوڑے کتنے ہی سال کیوں نہ ہو گئے ہوں، آپ پھر سے اِس عادت میں پڑ سکتے ہیں۔ کیوِن نے کہا:‏ ”‏ مجھے اِس عادت پر قابو پائے دس سال ہو گئے تھے اور مجھے یقین تھا کہ یہ مسئلہ اب ختم ہو گیا ہے۔ لیکن اصل میں یہ عادت ایک ایسے خطرناک جانور کی طرح تھی جو چھپ کر مجھ پر حملہ کرنے کا صحیح موقع ڈھونڈ رہا تھا۔“‏

     پاک کلام کا اصول:‏ ”‏جس شخص کو لگتا ہے کہ وہ مضبوطی سے کھڑا ہے، وہ خبردار رہے کہ گِر نہ جائے۔“‏—‏1-‏کُرنتھیوں 10:‏12‏۔

  •  جب آپ کے دل میں گندی تصویریں اور فلمیں دیکھنے کی خواہش جاگے تو تھوڑا اِنتظار کریں‏۔ آپ اپنے دل میں گندی تصویریں اور فلمیں دیکھنے کی خواہش کو آنے سے نہیں روک سکتے۔ لیکن آپ اِس خواہش کو پورا کریں گے یا نہیں، یہ آپ کے بس میں ہے۔اگر آپ اپنا دھیان دوسرے کاموں میں لگا لیں گے تو یہ خواہش تھوڑی دیر میں ختم ہو جائے گی۔‏

     پاک کلام کا اصول:‏ ”‏آپ میں سے ہر ایک کو پتہ ہونا چاہیے کہ اپنے جسم کو کیسے قابو میں رکھے تاکہ آپ پاک اور باعزت زندگی گزاریں اور اُن قوموں کی طرح نہ بنیں جو اپنی بے‌لگام جنسی خواہشوں کو پورا کرنے کے جنون میں مبتلا ہیں۔“‏—‏1-‏تھسلُنیکیوں 4:‏4، 5‏۔‏

  •  ایسی صورتحال سے بچیں جن میں آپ پھر سے گندی تصویریں اور فلمیں دیکھنے کی عادت میں پڑ سکتے ہیں۔‏ ایک کتاب میں یہ بتایا گیا ہے:‏ ”‏اگر آپ ایسی کسی صورتحال میں پڑ جاتے ہیں تو یہ ایک طرح سے ایسے ہی ہے جیسے آپ نے ماچس جلا دی ہے بس آگ لگنے کے لیے تھوڑے ایندھن کی ضرورت ہے۔“‏

     پاک کلام کا اصول:‏ ”‏کسی بھی بُرائی کو مجھ پر حاوی نہ ہونے دے۔“‏—‏زبور 119:‏133‏، ترجمہ نئی دُنیا۔‏

  •  اُمید کا دامن نہ چھوڑیں‏۔ شاید اپنے جیون ساتھی کا بھروسا جیتنے میں آپ کو سالوں لگ جائیں۔ لیکن بہت سے لوگ اپنے پھر سے اپنے جیون ساتھی کا بھروسا جیت پائے ہیں۔‏

     پاک کلام کا اصول:‏ ”‏محبت صبر کرتی ہے۔“‏—‏1-‏کُرنتھیوں 13:‏4‏۔‏

a حالانکہ اِس مضمون میں شوہروں کی بات کی گئی ہے لیکن اِس میں بتائے گئے اصول اُن بیویوں کے کام بھی آ سکتے ہیں جنہیں گندی تصویریں اور فلمیں دیکھنے کی عادت ہے۔‏

b کچھ میاں بیوی کو لگتا ہے کہ مل کر گندی تصویریں اور فلمیں دیکھنے سے اُن کا رشتہ بہتر ہو جائے گا۔ لیکن یہ بات بائبل کے اصولوں کے خلاف ہے۔—‏اَمثال 5:‏15-‏20؛‏ 1-‏کُرنتھیوں 13:‏4، 5؛‏ گلتیوں 5:‏22، 23‏۔‏