مواد فوراً دِکھائیں

گھریلو زندگی کو خوش گوار بنائیں | شادی شُدہ زندگی

اپنے اندر صبر کی خوبی پیدا کریں

اپنے اندر صبر کی خوبی پیدا کریں

 ‏”‏شوہر اور بیوی کے صبر کا اِمتحان ہر روز ہوتا ہے۔ جب ہماری شادی نہیں ہوئی ہوتی تو شاید ہمیں اندازہ نہ ہو کہ صبر کی خوبی کتنی اہم ہے۔ لیکن ایک کامیاب شادی شُدہ زندگی کے لیے صبر کی خوبی ظاہر کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ “‏—‏جان۔‏

 صبر سے کام لینا کیوں ضروری ہے؟‏

  •   شادی کے بعد شاید ہم اپنے جیون ساتھی کی خامیوں پر زیادہ توجہ دینے لگیں۔‏

     ‏”‏جب ہماری نئی نئی شادی ہوتی ہے تو ہمیں اپنے جیون ساتھی میں بس خوبیاں ہی نظر آتی ہیں۔‏ لیکن جیسے جیسے وقت گزرتا جاتا ہے ہم اپنے جیون ساتھی کی خامیوں پر حد سے زیادہ توجہ دینے لگتے ہیں جس کی وجہ سے صبر سے کام لینا مشکل ہو جاتا ہے۔“‏—‏جیسنا۔‏

  •   صبر سے کام نہ لینے کی وجہ سے شاید آپ بِلا سوچے سمجھے بولنے لگیں۔‏

     ‏”‏کبھی کبھار مَیں اِتنی جذباتی ہو جاتی ہوں کہ بِلا سوچے سمجھے جو دل میں آتا ہے کہہ دیتی ہوں۔‏ مجھے لگتا ہے کہ اگر مَیں صبر سے کام لوں تو مَیں یہ دیکھ سکتی ہوں کہ آیا فلاں بات کہنا ضروری ہے بھی یا نہیں۔“‏—‏کارمن۔‏

     پاک کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏محبت صبر کرتی ہے اور مہربان ہے۔“‏ (‏1-‏کُرنتھیوں 13:‏4‏)‏ جب دو لوگ ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں تو اُنہیں ایک دوسرے کے ساتھ صبر سے پیش آنا چاہیے۔ لیکن ہر بار صبر سے کام لینا آسان نہیں ہوتا۔ جان نے جن کا مضمون کے شروع میں ذکر کِیا گیا ہے، کہا:‏ ”‏دوسری خوبیوں کی طرح ہم جتنی مشکل سے اپنے اندر صبر کی خوبی پیدا کرتے ہیں اُتنی ہی آسانی سے ہم اِس کا دامن چھوڑ بھی سکتے ہیں۔ اِس لیے ہمیں صبر سے کام لینے کی مسلسل کوشش کرنی چاہیے۔“‏

 آپ صبر کی خوبی کیسے ظاہر کر سکتے ہیں؟‏

  •   جب اچانک سے ایسی صورتحال پیدا ہو جائے جس میں صبر سے کام لینا مشکل ہو۔‏

     مثال:‏ آپ کا جیون ساتھی آپ کو کچھ بُرا بھلا کہہ دیتا ہے۔ آپ کا دل چاہتا ہے کہ آپ بھی اُسے پلٹ کر ویسا ہی جواب دیں۔‏

     پاک کلام کا اصول:‏ ‏”‏تُو اپنے جی میں خفا ہونے میں جلدی نہ کر کیونکہ خفگی احمقوں کے سینوں میں رہتی ہے۔“‏—‏واعظ 7:‏9‏۔‏

     آپ اِس صورتحال میں صبر کی خوبی کیسے ظاہر کر سکتے ہیں؟‏ اِس سے پہلے کہ آپ اپنے جیون ساتھی کی بات پر کوئی ردِعمل دِکھائیں، ذرا رُک کر سوچیں۔ یہ سمجھنے کی کوشش کریں کہ آپ کے جیون ساتھی کا مقصد آپ کا دل دُکھانا نہیں تھا۔ شادی شُدہ زندگی کو کامیاب بنانے کے حوالے سے ایک کتاب میں بتایا گیا:‏”‏ہم میں سے زیادہ تر لوگ بس اُس بات پر ردِعمل دِکھاتے ہیں جو اُن کا جیون ساتھی اُن سے کہتا ہے اور یہ سمجھے کی کوشش نہیں کرتے کہ اُس نے فلاں بات کیوں کہی اور اصل میں اُس کی بات کا کیا مطلب تھا۔“‏‏—‏فائٹنگ فار یور میرج۔‏

     اگر آپ کا جیون ساتھی آپ کو غصہ بھی دِلائے تو صبر سے کام لیں۔ اِس طرح آپ صورتحال کو بگڑنے سے بچا سکتے ہیں۔ پاک کلام میں لکھا ہے:‏”‏لکڑی نہ ہونے سے آگ بجھ جاتی ہے۔“‏—‏امثال 26:‏20‏۔‏

     ‏”‏جب آپ کے دل میں یہ سوچ آئے کہ آپ کی بیوی آپ کی ساتھی نہیں بلکہ آپ کی مخالف ہے تو ذرا رُک کر سوچیں کہ آپ اُس سے کیوں محبت کرتے ہیں اور پھر فوراً کچھ ایسا کریں جس سے آپ کی بیوی کو خوشی ملے۔“‏—‏ایتان۔‏

     ذرا سوچیں:‏

    •  جب آپ کا جیون ساتھی کچھ ایسا کہے یا کرے جس سے آپ کا دل دُکھے تو آپ کیا کرتے ہیں؟‏

    •  اگلی بار جب آپ کا جیون ساتھی ایسا کرے گا تو آپ اَور زیادہ صبر کیسے ظاہر کر سکتے ہیں؟‏

  •   جب آپ کا جیون ساتھی بار بار آپ کا دل دُکھا کر آپ کے صبر کا اِمتحان لے۔‏

     مثال:‏ آپ کا جیون ساتھی آپ کو ہمیشہ بہت زیادہ اِنتظار کرواتا ہے جس کی وجہ سے آپ کو غصہ آ جاتا ہے۔‏

     پاک کلام کا اصول:‏ ‏”‏اگر آپ کو ایک دوسرے سے شکایت بھی ہو تو ایک دوسرے کی برداشت کریں اور دل سے ایک دوسرے کو معاف کریں۔“‏—‏کُلسّیوں 3:‏13‏۔‏

     آپ اِس صورتحال میں صبر کی خوبی کیسے ظاہر کر سکتے ہیں؟‏ اپنے شادی کے بندھن کو اپنی ذات سے زیادہ اہمیت دینے کی کوشش کریں۔ خود سے پوچھیں:‏ ”‏اگر مَیں فلاں بات کو لے کر بہت زیادہ غصہ کروں گا یا اپنے جیون ساتھی کے ساتھ بحث کروں گا تو کیا اِس سے ہمارا رشتہ مضبوط ہوگا یا کمزور؟“‏ یاد رکھیں کہ ”‏ہم سب بار بار غلطی کرتے ہیں۔“‏ (‏یعقوب 3:‏2‏)‏ اِس کا مطلب ہے کہ آپ کو بھی اپنے اندر کچھ تبدیلیاں کرنے کی ضرورت ہو سکتی ہے۔‏

     ‏”‏کبھی کبھار مَیں اپنے شوہر سے زیادہ اپنے دوستوں کے ساتھ صبر سے پیش آتی ہوں۔‏ میرے خیال میں اِس کی وجہ شاید یہ ہے کہ مَیں اپنے شوہر کے ساتھ زیادہ وقت گزارتی ہوں اور اُس کی خامیوں کو زیادہ اچھی طرح جانتی ہوں۔‏ شادی شُدہ زندگی میں صبر سے کام لینا بہت ضروری ہے۔‏ ایسا کرنے سے مَیں اپنے شوہر کے لیے محبت اور احترام ظاہر کر سکتی ہوں۔“‏—‏نِیا۔‏

     ذرا سوچیں:‏

    •  جب آپ کا جیون ساتھی غلطیاں کرتا ہے تو کیا آپ صبر سے کام لیتے ہیں؟‏

    •  آپ آگے چل کر اپنے جیون ساتھی کے ساتھ اَور زیادہ صبر سے کیسے پیش آ سکتے ہیں؟‏