مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سردارکاہن کائفا—‏اصلی یا فرضی کردار؟‏

سردارکاہن کائفا—‏اصلی یا فرضی کردار؟‏

کبھی‌کبھار آثارِقدیمہ کے ماہرین کوئی ایسی چیز دریافت کرتے ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ بائبل میں جن لوگوں کا ذکر کِیا گیا ہے،‏ وہ واقعی اصلی تھے۔‏ سن ۲۰۱۱ء میں اسرائیل کے عالموں نے ایک ایسی ہی دریافت کے بارے میں کچھ معلومات شائع کیں۔‏ اُنہوں نے بتایا کہ چونے کے پتھر سے بنا ہوا ایک صندوق دریافت ہوا ہے جو ۲۰۰۰ سال پُرانا ہے۔‏ اِس کے اندر ایک لاش کی ہڈیاں تھیں جنہیں گوشت کے گل جانے کے بعد صندوق میں محفوظ کِیا گیا تھا۔‏

اِس صندوق کے اُوپر یہ عبارت لکھی ہے:‏ ”‏بیت‌اِمیری سے معزیاہ فریق کے کاہن،‏ کائفا کے بیٹے یشوع کی بیٹی مریم۔‏“‏ کائفا وہ یہودی سردارکاہن تھے جو یسوع مسیح کے مقدمے اور قتل میں ملوث تھے۔‏ (‏یوح ۱۱:‏۴۸-‏۵۰‏)‏ تاریخ‌دان فلاویس یوسیفس نے اِس کاہن کا حوالہ یوں دیا:‏ ”‏یوسف جو کائفا کہلاتا تھا۔‏“‏ یہ صندوق اِسی کے کسی رشتہ‌دار کا لگتا ہے۔‏ اِس سے پہلے بھی ایک صندوق دریافت ہو چُکا ہے جس کے بارے میں خیال ہے کہ اِس میں جو ہڈیاں تھیں،‏ وہ سردارکاہن کائفا کی تھیں۔‏ اِس صندوق پر لکھا ہے:‏ کائفا کا بیٹا یوسف۔‏ * اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مریم،‏ کائفا کی رشتہ‌دار تھیں۔‏

اسرائیل میں آثارِقدیمہ کی حفاظت کرنے والے ادارے کے عالموں نے بتایا کہ جس صندوق میں مریم کی ہڈیاں ملی ہیں،‏ اُسے ڈاکوؤں سے چھینا گیا تھا۔‏ ڈاکوؤں نے یہ صندوق ایک قدیم مقبرے سے چرایا تھا۔‏ اِس صندوق اور اِس پر لکھی عبارت کی جانچ کرنے سے تصدیق ہوتی ہے کہ یہ صندوق بالکل اصلی ہے۔‏

اِس صندوق پر لکھی ہوئی عبارت سے ایک نئی بات سامنے آئی ہے۔‏ اِس میں معزیاہ کا ذکر آیا ہے۔‏ معزیاہ ہیکل میں خدمت کرنے والے ۲۴ فریقوں میں سے آخری نمبر پر تھا۔‏ اِن فریقوں کی ہیکل میں خدمت کرنے کی باریاں لگتی تھیں۔‏ (‏۱-‏توا ۲۴:‏۱۸‏)‏ ادارے کے مطابق صندوق پر لکھی ہوئی عبارت سے پتہ چلتا ہے کہ ”‏کائفا کا خاندان معزیاہ کے فریق سے تھا۔‏“‏

صندوق پر لکھی ہوئی عبارت میں بیت‌اِمیری کا ذکر بھی ہوا ہے۔‏ یہ کس کی طرف اشارہ کرتا ہے؟‏ ادارے کا کہنا ہے کہ ”‏بیت‌اِمیری شاید بنی‌اِمیر یعنی کاہنوں کے ایک خاندان کا نام تھا۔‏ بنی‌اِمیر کی اولاد میں معزیاہ فریق کے لوگ شامل تھے۔‏ (‏عزرا ۲:‏۳۶،‏ ۳۷؛‏ نحمیاہ ۷:‏۳۹-‏۴۲‏)‏ یہ بھی ممکن ہے کہ بیت‌اِمیری اُس جگہ کا نام ہو جہاں مریم یا پھر اُن کا خاندان رہتا تھا۔‏“‏ بات چاہے جو بھی ہو،‏ یہ صندوق اِس بات کا ایک ثبوت ہے کہ بائبل میں جن لوگوں کا ذکر آیا ہے،‏ وہ اور اُن کے خاندان واقعی زمین پر موجود تھے۔‏